تھانے، 18فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مہاراشٹر میں مقامی بلدیاتی انتخابات کی تشہیراب ختم ہونے کوہے۔شیو سینا نے ایسے میں بی جے پی پرحملے تیز کرتے ہوئے اپنے سابق ساتھی کو’کوبرا‘بتایاہے۔شیوسیناکے سربراہ ادھوٹھاکرے نے بی جے پی کے بارے میں کہاکہ ہمارااتحادگزشتہ25سال سے کوبراکے ساتھ تھا،جو کہ اب اپناپھن نکال رہاہے۔میں جانتا ہوں،اسے کس طرح کچلاجاتاہے۔شیوسینا سربراہ ریاست میں21فروری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے کل شام ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہہ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شیوسینا پرانی غلطی دوبارہ نہیں چاہتی تھی۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے جھوٹے وعدے اور یقین دہانی دے کرعوام کے ساتھ دھوکے بازی کی ہے۔انتخابی مہم کے شروعاتی دور میں ادھو نے فڑنویس حکومت کو نوٹس پیریڈپر رکھا تھا اور بی جے پی کے ساتھ انتخابات کے بعد کسی بھی طرح کے اتحاد سے انکار کر دیا تھا۔تاہم ریاست میں حکومت کو اپنی پارٹی کی حمایت کے مسئلے پر انہوں نے تھوڑی نرمی برتتے ہوئے کہاکہ پارٹی کی حمایت اس بات پر منحصر ہوگی کہ وہ ریاست میں پریشان کسانوں کی قرض معافی کے مطالبہ کو پورا کرتی ہے یانہیں۔